اسلام آباد : وفاقی وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے پاس اپنی پارٹی کو تباہ کرنے کے بعد اب اسٹیج پر صرف رقص کرنا ہی رہ گیا ہے اور حکومت کے خلاف ایک جیسے کردار والی جماعتیں ہی اکٹھی ہو رہی ہیں.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کو اے ٹی ایم مشین بنایا ہوا ہے وہ صرف اپنے مفادات کے تحت پالیسی تبدیل کرلیتے ہیں.
وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد سے پیپلز پارٹی اخلاقی زوال اور جمہوری روایات کا فقدان بڑھتا جارہا ہے جس کے ذمہ دار آصف زرداری ہیں اور شاید اسی کا جشن مناتے ہوئے وہ اسٹیج پر محو رقص تھے.
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی اور ہماری حکومت ختم کرنے کی کوششیں کرنے والوں کو ما یوسی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا بلکہ الٹا ہزیمت اُٹھانی پڑے گی.
انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان سے چندہ اکٹھا کر کے باہرچلے جاتے ہیں اور جب پیسے ختم ہوجائیں تو پھر چھٹیاں منانے واپس آجاتے ہیں اور یہاں چندہ لینا شروع کردیتے ہیں.
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خواجہ آصف نے جواب دیا کہ ابھی تک بحث بروقت الیکشن پر ہو رہی ہے اور قبل ازوقت الیکشن کے فیصلے پرپارٹی میں ابھی تک غورنہیں ہوا ہے بلکہ یہ معاملہ ایجنڈے میں ہی شامل نہیں ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔