کراچی: روپے کی قدر میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی دیکھی جارہی ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر 111 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 2.50 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر اس وقت 110.25 روپے میں خریدا اور 110.50 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ 3 روز میں انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر 5 روپے تک گرچکی ہے تاہم دن گزرنے کے ساتھ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں نمایاں اتار چڑھاؤ بھی دیکھا جارہا ہے۔
ڈالر کے 111 روپے پر پہنچنے کے بعد ڈالر کی قیمت 110 روپے سے نیچے آرہی ہے۔
ڈیلرز کے مطابق دن گزرنے کے ساتھ ساتھ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 109.25روپے میں خریدا اور 109.50 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ 3 روز قبل ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوگیا اور چند گھنٹوں میں 110 روپے تک فروخت ہونے والا ڈالر ٹریڈنگ کے اختتام پر 108 روپے 70 پیسے کا ہوگیا۔
روپے کی قدر میں کمی سے ملک پر واجب الادا قرضوں میں 186 ارب روپے کا اضافہ بھی ہوگیا۔ درآمد کنندگان کو اب 106 روپے زائد کی ادائیگی کرنا ہوگی اور اس سے درآمدی اشیا مزید مہنگی ہوجائیں گی۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک روپے کی قدر میں کمی کا حمایتی نظر آیا۔ مرکزی بینک کے مطابق روپے کی قدر میں کمی جاری کھاتوں کے عدم توازن کو کم کرے گی۔ روپے کی قدر میں کمی پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں، یہ کمی مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔