اسلام آباد : نا اہل وزیراعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین پیدائشی طور پر نا اہل ہیں، ان کی نا اہلی سے ریاست کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق نااہل وزیراعظم کے داماد اور مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے نااہلی کیس کے فیصلے پر کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین پیدائشی طور پر نا اہل ہیں، ان کی نا اہلی سے ریاست کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
کیپٹن(ر)صفدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کےاہل یا نااہل ہونے سے ریاست کا کوئی فائدہ نہیں، اگر ان کو نااہل قرار دیا گیا تو28 جولائی کے نواز شریف کی نا اہلی کے فیصلے کو بیلنس کرنے کی کوشش ہوگی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ خدا کےلئے پارلیمنٹ کا احترام کیا جائے جو نہیں ہورہا،اسپیکر کا بیان 28 جولائی کے فیصلے کے پارٹ ٹو کا خدشہ ہے ، اگر پارلیمنٹ کو عزت دی ہوتی تو گریڈ 20 کا سپرسیڈ واجد ضیاء مجھے جھوٹا اور فراڈیا نہ لکھتا۔
انکا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کی نظروں میں پہلے ہی نا اہل ہیں، جسٹس منیر کا نظریہ ضرورت آج بھی زندہ ہے، سیاستدان ایک ادارہ ہوتے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کو جنتی گردانتا ہوں۔
مزید پڑھیں : عمران خان 2023 تک سڑکوں پرہی رہیں گے‘ کیپٹن صفدر
یاد رہے کہ چند روز مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر نے میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان سمجھتے ہیں عدالتیں، الیکشن کمیشن ان کےماتحت ہے، عمران خان لیڈرنہیں ہیں، آج بھی ایمپائر کےانتظارمیں ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کا تھرڈ ایمپائرکون ہے؟ جس پر کیپٹن صفدر نے جواب دیا کہ عمران خان کا ایمپائر ریٹائرڈ ہے، عمران خان بھول جائیں کہ ان کے نصیب میں اقتدار ہے، وہ 2023 تک سڑکوں پرہی رہیں گے۔