اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کو تکنیکی بنیادوں پر نا اہل کیا گیا ہے۔ ان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور رہنما جہانگیر ترین کی اہلیت کے فیصلے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کو تکنیکی بنیادوں پر نا اہل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نظر ثانی کی درخواست دائر کرے گی۔
مزید پڑھیں: نااہلی کیس میں عمران خان بری، جہانگیر ترین نااہل قرار
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین پر 3 میں سے 2 الزامات کو مسترد کیا گیا۔ ان کا مقدمہ ابھی ختم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ جائیداد جہانگیر ترین کے اثاثوں میں شامل نہیں مگر ان کے بیٹوں کے نام اثاثوں میں ظاہر کی گئی ہے۔ ’اگر انہیں اثاثے چھپانے ہوتے تو بیٹے کے نام کیوں کرتے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں اس قدر سماعتوں کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ ’عمران خان کا پاناما مافیا سے کیا مقابلہ‘۔
یاد رہے کہ کچھ دیر قبل سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست مسترد کردی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے اثاثے چھپائے لہٰذا انہیں نا اہل قرار دیا جائے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔