بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

شاہ زیب قتل کیس، سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شاہ زیب قتل کیس میں سول سوسائٹی نے سندھ ہائیکورٹ کے شاہ رخ جتوئی کی رہائی کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ 28 نومبر کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سول سوسائٹی نے شاہ زیب قتل کیس میں سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے فیصلے اور ذیلی عدالت کیجانب سے ملزمان کی رہائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ۔

سماجی کارکن جبران ناصر نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سول سوسائٹی کیجانب سے درخواست دائر کی گئی ، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ شاہ زیب قتل کیس ذاتی نوعیت کا قتل نہیں، اگر ملزمان کو سزا نہ دی گئی تو اس سے معاشرے میں سنگین بگاڑ پیدا ہوگا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ کیس میں سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل اور اے ٹی سی کی دفعات بحال کی جائیں اور اٹھائیس نومبر کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جبران ناصر نے کہا کہ شاہ زیب قتل کیس سے متعلق جاری سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کردی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت اور مقتول کے ورثاء نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا ملزمان کے اقدام سے معاشرے میں دہشت پھیلی ، جس سے ہم بھی بطور شہری متاثر ہوئے، سندھ ہائیکورٹ نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کیں ، جو غلط ہے کیونکہ ملزمان کے اقدام سے معاشرہ متاثر ہوا۔


مزید پڑھیں :  شاہ زیب قتل کیس: شاہ رخ جتوئی سمیت دیگرملزمان کی ضمانتیں منظور


جبران ناصرنے کہا سندھ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے بعد شاہ رخ جتوئی کی رہائی ممکن ہوئی، اپیل ہم بطور کراچی کے شہری اپنی قانونی اور سماجی ذمے داری سمجھ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرکے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا، سندھ ہائیکورٹ نے سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمہ ازسر نو سماعت کے لیے سیشن جج جنوبی کی عدالت کو منتقل کیا تھا۔

سیشن جج جنوبی نے گذشتہ دنوں مقدمے کے نامزد ملزمان شاہ رخ جتوئی ، سراج تالپور ، سجاد تالپور اور غلام مرتضی لاشاری کی ضمانت پانچ پانچ لاکھ کے عوض منظور کی تھی۔ جس پر تمام ملزمان کو رہا کر دیا گیا تھا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں