اسلام آباد : رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے اپنی ڈکشنری ایجاد کرتے ہوئے بادی النظر اور اقامے کا خود ساختہ مطلب بیان کر ڈالا ہے جو کہ بے بنیاد ہی نہیں مضحکہ خیز بھی ہے.
وہ اے آر وائی نیوزکی اینکر سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دے رہے تھے، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی ڈکشنری میں بادی النظر کا مطلب خیال اور اقامے کا مطلب ویزا حاصل کرنا ہوتا ہے حالانکہ بادی النظر قانونی ایک اصطلاح ہے جس کا مطلب ’’بظاہر‘‘ ہوتا ہے اور اسی طرح خلیجی ممالک میں نوکری یا کاروبار کی غرض سے حاصل ویزے کو ’’اقامہ‘‘ کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز روزانہ توہین عدالت کررہی ہیں، اور جب دل کرتا ہے اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے لگتی ہیں جس پر اداروں کو سخت ایکشن لیا جانا چاہیے لیکن نا جانے کیوں سپریم کورٹ کوئی نوٹس نہیں لیتی، لگتا ہے مریم نواز کو کسی قانونی فرم سے معاہدہ کرنا ہوگا۔
ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ یہ وہی مریم نواز ہیں جو کہتی تھیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی ان کی کہیں کوئی جائیداد نہیں ہے، اگر کوئی جھوٹوں کی سلطنت ہو تواس کی ملکہ مریم نواز ہوں گی۔
اسی سے متعلق : ایک دوسرے کی شکل نہ دیکھنے والے بھی نواز شریف کے خلاف آج اکٹھے ہوگئے: مریم نواز
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مریم نواز پر ہلکا ہاتھ رکھا ہوا ہے ورنہ عدالت میں جعلی کاغذات جمع کرانے پر ابھی جیل میں ہوتیں لیکن عدالت نے نرمی برتی تاہم اب مریم نواز کو تقاریر کیلئے بھی کسی ماہر قانون شخص کو ساتھ رکھنا ہوگا۔
خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاناما کیس کے فیصلے کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا اور عدالتی فیصلے میں استعمال ہونے والے الفاظ اقامہ اور بادی النظر کے اپنی مرضی کے مطالب بنالیے۔