اسلام آباد : نااہل وزیراعظم نوازشریف نے نہال ہاشمی سے اپنی ناراضی ختم کردی اور رہنماؤں کو نہال ہاشمی کا ہر ممکن خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق نااہل وزیراعظم نوازشریف نے سزا کے بعد نہال ہاشمی سے اپنی ناراضی ختم کردی اور رہنماؤں کو نہال ہاشمی کا ہر ممکن خیال رکھنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔
سینیٹر چوہدری تنویراور رکن اسمبلی ملک ابرار کو ہدایت پہنچادی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری اور دانیال عزیز کو عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، طلال چوہدری اوردانیال عزیز کی وکلا سے مشاورت جاری ہے۔
خیال رہے کہ نااہل وزیراعظم نوازشریف نہال ہاشمی کے استعفیٰ نہ دینے پر ناراض تھے۔
یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ نے دھمکی آمیز تقریر اور توہین عدالت کیس میں نہال ہاشمی کو 1 ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے نہال ہاشمی کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نا اہل بھی قرار دیا۔
مزید پڑھیں : توہین عدالت کیس : سپریم کورٹ نےنہال ہاشمی کوایک ماہ قید کی سزا سنادی
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پولیس نے سینیٹر نہال ہاشمی کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کراچی میں ایک تقریر میں پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ حساب لینے والوں سن لو تم کل ریٹائر ہوجاؤ گے، ہم تمہارے خاندان کے لیے زمین تنگ کردیں گے۔
بعد ازاں مسلم لیگ ن نے متنازع بیان دینے پر نہال ہاشمی کوپارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔