پیر, جنوری 13, 2025
اشتہار

فارم علیحدہ علیحدہ جمع ہوئے، فیصلہ مل کر کریں گے، فاروق ستار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ متحدہ کل بھی ایک تھی اور آئندہ بھی ایک ہی رہے گی،  پارٹی آئین کے مطابق کچھ معاملات کا حتمی فیصلہ پارٹی سربراہ یا کنویئر کا ہوتا ہے، فارم علیحدہ علیحدہ ضرور جمع ہوئے مگر آئندہ کا فیصلہ مل کر ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن آفس میں سینیٹ نمائندگان کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایک پنڈال کے نیچے ہم نے امیدواروں کے فارم جمع کروائے، گذشتہ دنوں کی صورتحال پر مخالفین نے شادیانے بجائے اور خوب جشن منایا مگر حسرت اُن غنچوں پر جو بن کھلے مرجھا گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے 17 امیدواروں نے فارم بھرے مگر 2 افراد خواجہ سہیل ںے قومی اسمبلی کی نشست کو جاری رکھنے اور قمر منصور نے بیماری کے باعث کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے معذرت کرلی، اگر کسی کو تصدیق کرنی ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے امیدواروں کی فہرست لے سکتا ہے۔

- Advertisement -

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کی تربیت ہےنئےآنےوالوں کواجنبیت کااحساس نہیں ہوتا، ہماری ایک دوسرے کےساتھ وابستگی بہت پرانی ہے، اختلاف رائے ہر جگہ ہوتا ہے مگر ہماری نظم و ضبط کی پالیسی مثالی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان کی اچھی پالیسی کوہم نےقائم رکھا، کوئی بھی اختلاف ہو ہم آپس میں بیٹھ کر ہی حل نکالتے ہیں، میڈیا پر بات آنے سے لگتا ہے ناقابل حل مسئلہ ہے، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے۔

فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری اور دیگر ساتھیوں نے فیصلے کا حتمی اختیار مجھے سونپا ہوا ہے، پارٹی کے کچھ معاملات ایسے ہیں جس کا فیصلہ حتمی کنویئر یا سربراہ کے پاس ہی ہوتا ہے، فارم علیحدہ علیحدہ ضرور جمع ہوئے مگر ہم مل کر آئندہ کا فیصلہ کریں گے۔

بدقسمتی سے ہم تقسیم کی جانب بڑھ رہے ہیں، فیصل سبزواری

دوسری جانب ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد عارضی مرکز بہادر آباد پر پریس کانفرنس کی جس میں بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ’خواہش ہے کہ فاروق ستار رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں اور جو بھی غلط ہو اُس فیصلے کی نشاندہی کی جائے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم ایم کیوایم پاکستان کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی اس جانب کبھی قدم بڑھائیں گے کیونکہ کارکنان اور عوام کو تمام تر صورتحال کا اچھی طرح سے اندازہ ہے۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ’ایم کیوایم پاکستان کو 4روز میں بہت نقصان پہنچا، بات اصول کی بنیادپرکی جائےتوپارٹی کو اس پرچلناہوگا کیونکہ ایم کیوایم پاکستان اصول کی سیاست کےبغیرنہیں  چل سکتی‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم تقسیم کی جانب بڑھ رہے ہیں، کوئی بھی انتہائی قدم اٹھائیں گے مگر کسی صورت تقسیم کی طرف نہیں جائیں گے اس لیے فاروق ستار کے لیے دروازے کھلے رکھے ہیں۔

سینیٹ کے کاغذات جمع کرواتے ہوئے جذباتی مناظر، فاروق ستار سے مل کر فیصل سبزواری آبدیدہ ہوگئے


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں