جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

میرصادق سنجرانی : شکایات سیل کے سربراہ سے چیئرمین سینیٹ تک

اشتہار

حیرت انگیز

سلام آباد: سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن اتحاد کے امیدوار صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے، انہوں نے57 ووٹ حاصل کئے، ان کے مد مقابل حکومتی اتحاد کے امیدوار راجہ ظفرالحق 46ووٹ حاصل کرسکے۔

سینیٹ کے چئیرمین کے لئے بلوچستان سے نومنتخب سینیٹر میر صادق سنجرانی کا نام سامنے آیا تھا، میر صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی سے ہے، ان کے والد خان محمد آصف سنجرانی کا شمار علاقے کے قبائلی رہنما میں ہوتا ہے اور وہ ان دنوں ضلع کونسل چاغی کے رکن ہیں۔

میرصادق سنجرانی 14اپریل 1978 کوبلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم نوکنڈی میں حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی سے ایم اے کیا۔

میرصادق سنجرانی پانچ بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں، ان کے ایک بھائی اعجاز سنجرانی ہیں جو نواب ثنا اللہ زہری کے دور حکومت میں محکمہ ریونیو کے مشیر بنے، حکومت کی تبدیلی کے باوجود وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا۔

اس کے علاوہ میر صادق سنجرانی کے ایک بھائی محمد رازق سنجرانی سینڈک پروجیکٹ کے ایم ڈی رہے ہیں، میر صادق سنجرانی 1998 میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے کوآڈینیٹر رہ چکے ہیں۔

دریں اثناء سال 2008میں جب یوسف رضا گیلانی وزیراعظم پاکستان بنے تو ان کی جانب سے قائم کئے گئے شکایات سیل کا سربراہ میر صادق سنجرانی کو بنایا گیا تھا اور وہ پانچ سال تک اس سیل کے سربراہ رہے۔

میر صادق سنجرانی کا نام بطور امیدوار چیئرمین سینیٹ وزیراعلٰی بلوچستان نے دیا تھا جس پر پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ نے ان کی حمایت کا اعلان کیا۔

عبدالقدوس بزنجو اور میر صادق سنجرانی بلوچستان سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر سینیٹر منتخب ہوئے ہیں، یاد رہے کہ صادق سنجرانی کا عوامی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، ان کی پہچان کاروباری شخصیت کی ہے، ان کا کاروبار بلوچستان کے علاوہ دبئی میں بھی پھیلا ہوا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

اہم ترین

مزید خبریں