اسلام آباد : وزارت دفاع نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں کیلئے تمغہ عزم کا اعلان کیا ہے، تغمہ عزم حاصل کرنے والوں کے نام کا اعلان 23مارچ کو کیا جائے گا۔
تفصلات کے مطابق وزارتِ دفاع نے قومی اعزازات میں تمغہ عزم کے آغاز کی سفارش کی ہے تاکہ ملک میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف جو جدوجہد جاری ہے، اُس میں عزم و استقامت کا مظاہرہ کرنے والے اور قربانیاں دینے والے مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کی قربانیوں کا اعتراف کیا جاسکے۔
وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم پاکستان میں دیرپا سیکیورٹی اور استحکام کے حصول کے لئے پرتشدد شدت پسندی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا تمغہ عزم سے فورسز کا عزم بلند ہوگا، اقدام سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ تمغہ عزم تینوں مسلح افواج‘ آرمڈ فورسز‘ جانباز‘ مجاہد‘ نیشنل گارڈز‘میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پولیس کے اُن ارکان کو دیا جائے گا جو کہ 11 ستمبر 2001 سے اس سلسلے میں فعال بنے ہوں، توقع ہے کہ اس تمغہ کا اعلان 23 مارچ 2018 کو کیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیردفاع خرم دستگیر کی کرغزستان کی آرمڈ فورسز کے چیف آف دی جنرل اسٹاف سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں فاع اور دیگر شعبوں میں باہمی تعلقات میں اضافے کے امکانات پر اتفاق کیا گیا اور تکنیکی اورفوجی تعاون کےبارے میں مفاہمت کی یادداشت کے آئیڈیا کی بھی حمایت کی گئی۔
اس موقع پر وزیردفاع خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کرغزستان سےتعلقات قدر کی نگا سے دیکھتا ہے، کرغزستان سےاپنی دوستی کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر نے کرغزستان کوآئیڈیاز 2018میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرغزستان کی دفاعی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔