لاہور : وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان محمد نواز شریف کی بدولت روشن ہو گیا ہے، کراچی میں ایک دن میں 25 25 قتل ہوتے تھے، آج وہاں امن ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان کا جھنڈا لہرانا مشکل تھا اب قومی دنوں پر وہاں اجتماعات ہوتے ہیں ، نواز شریف کو کریڈٹ نہیں دینا چاہتے تو کوئی بات نہیں مگر موجودہ حکومت نے کر دکھایا ہے۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ منتخب جمہوری حکومت کی وجہ سے پاکستان میں اب بجلی بھی ہے اور امن بھی ہے ، 2013 میں تیزی سے نیچے جا رہے تھے، مگر اب اوپر اٹھ رہے ہیں، بجلی کی فراہمی اور ملک میں امن کی بحالی نیک شگن ہے، لاہور میں بہتر سڑکوں سے 2 گھنٹوں کا سفر ایک گھنٹے کا رہ گیا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مخالفین سڑکوں اور افراسٹرکچڑ پر تنقید کرتے ہیں ، دیکھیں ملک کی ترقی کا سب سے زیادہ فائدہ کسے ہوا ہے، اب ضروری ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام رہے، سیاسی استحکام ہی معاشی استحکام کی ضمانت ہے۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہمیں اعتماد کے ساتھ آگے جانا ہے ، امن بہت قربانیاں دے کر حاصل ہوا ہے، کراچی اور بلوچستان والوں سے پوچھیں امن کی کیا قیمت ہے ، ہم نے جوانوں کی قربانیاں دے کر امن حاصل کیا ہے ، اب اسے کسی کو منتشر کرنے نہ دیں ۔
انھوں نے کہا کہ اب دہشت گردی اور بجلی کی رکاوٹیں دور کر دیں ہیں، دعا ہے کہ ملک کے ہر کونے میں فیکٹریاں لگیں اور نوجوانوں کو روز گار ملے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان محمد نواز شریف کی بدولت روشن ہو گیا ہے، ہمیں اس ملک کے امن اور توانائی کا تحفظ کرنا ہے ، اگر ہم اسی طرح آگے بڑھتے رہےتو وہ دن آئے گا کہ پاکستان مزید روشن ہوگا ,ترقی یافتہ ہو گا اور مزید روشن ہوگا۔