اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ نواز شریف تاریخ کے پہلے حکمران ہیں جو عدالت کا فیصلہ نہیں مانتے،وہ وزیراعظم ہوتے ہوئے پڑوس ملک میں ملازمت کرنے والے بھی پہلے حکمران ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کے حوالے سے وزیراعظم کے بیان کو الیکشن کمیشن میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن میں جاری کارروائی کے دوران مطالبہ کیا جائے گا کہ وزیراعظم کے بیان کا نوٹس لیا جائے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ملک کے چیف ایگزیکٹو کی جانب سے ایسا بیان پاکستان کی بنیاد پر حملہ ہے، الیکشن کمیشن ایل این جی وزیراعظم سے ثبوت مانگے کہ سینٹ الیکشن میں کہاں پیسے لگے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مسلم لیگ نون والے جہاں الیکشن ہار جائیں، وہاں دھاندلی کا الزام لگا دیتے ہیں، سپریم کورٹ اور فوج کے خلاف چلنے والی مہم کا رخ سینٹ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف تاریخ کے پہلے حکمران ہیں جو عدالت کا فیصلہ نہیں مانتے، نواز شریف وزیراعظم ہوتے ہوئے پڑوس ملک میں ملازمت کرنے والے پہلے حکمران ہیں۔
مزید پڑھیں : بابراعوان کا نوازشریف اورمریم نوازکی تقریروں پرپابندی کامطالبہ
بابر اعوان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کابینہ کی جانب سے 12 لاکھ گیس کنکشنز اپنے حلقوں میں دینے کا نوٹس لے، نون لیگ کی جانب سے پری پول دھاندلی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما بابراعوان نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی تقریروں پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف کہتےتھے فیصلے سڑکوں پرنہیں عدالتوں میں ہونے چاہئیں، عدالت نے نا اہل کردیا توکہتے ہیں فیصلے اب سڑکوں پرہوں گے۔