کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ پوری ٹیم نے شاندار پرفارمنس دی، شاہین آفریدی کو بھی جلدی موقع دیں گے۔
یہ بات انہوں نے میچ کے بعد رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میچ میں فخر زمان، شعیب ملک اور فہیم اشرف نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اگلا میچ بھی انتہائی اہم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ تمام میچز میں پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کریں کیونکہ ویسٹ انڈیز کی سائیڈ بھی مضبوط ہے جو کبھی بھی کم بیک کر سکتی ہے اور اگر ضروری ہوا تو شاہین آفریدی کو بھی موقع دیں گے۔
میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاریاں درست سمت میں جاری ہیں، نوجوان کرکٹرز کو ٹیم میں شامل کرنا اور مسلسل مواقع دینا ترجیح رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ وہ پرفارم بھی کر رہے ہیں، محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے سینئرز کے تجربے سے بھی فائدہ اٹھارہے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔