کراچی : پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کردی ہے، جس کے باعث کوالالمپور جانے والی فلائٹ دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکا ررہی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے اڑان نہ بھر سکی، اربوں روپے کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے قومی ائیر لائن کو فیول کی فراہمی بند کردی۔
پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان تنازعہ دوسرے روز بھی جاری رہا، واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او نے دوسرے روز بھی پی آئی اے کے طیاروں کو فیول کی فراہمی بند کردی تھی۔
کراچی سے کوالالمپور جانے والی پرواز کو فیول کی سپلائی اچانک بند کردی جس کے باعث پرواز تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔ پرواز کی روانگی میں تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
سکھر جانے والی پرواز بھی دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ پی آئی اے ترجمان مشہود تاجور کے مطابق پی ایس او کو آج دوپہر تیس کروڑ روپے کے واجبات ادا کردیئے گئے ہیں, پی ایس او کو رقم منتقل ہونے میں تاخیر ہوئی کیونکہ بینک ٹرانسفر میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس او نے پی آئی اے اور مسافروں کے ساتھ سراسر زیادتی کی ہے کیونکہ پی آئی اے نے اپنے وعدے کے مطابق پی ایس او کو واجبات کی رقم ادا کردی تھی اس کے باوجود طیاروں کے فیول کی فراہمی بند کرنا قابل افسوس ہے۔
دوسری جانب پی ایس او کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے دوپہر تک رقم کی ادائیگی نہیں کی تھی جس کی وجہ سے ان کو وارننگ دی گئی تھی۔
پی آئی اے نے یومیہ بنیادوں پر رقم کی ادائیگی کا وعدہ کیا تھا جو نو دن سے پورا نہیں کیا گیا۔ پی آئی اے پر اس سے پہلے ہی کئی ارب روپے کے واجبات ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی واجبات کی عدم ادائیگی پر پی ایس او کی جانب سے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی بند کی جاچکی ہے، جسے مذاکرات کے بعد بحال کردیا گیا تھا۔