اشتہار

موصل میں مسجد النوری کی تعمیر نو، امارات 5 کروڑ ڈالر دے گا

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: موصل میں مسجد النوری کی تعمیر نو کے لیے امارات کی جانب سے 5 کروڑ ڈالر دئیے جائیں گے، مسجد کو 2017 میں‌ شہید کردیا گیا تھا.

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بغداد میں قومی عجائب خانے میں منعقد ایک تقریب کے دوران امارات کی وزیر ثقافت نورہ الکعبی نے اعلان کیا کہ ان کا ملک تعمیراتی عمل کے لیے 5 کروڑ 4 لاکھ ڈالر رقم فراہم کرے گا۔

وزیر ثقافت نے کہا کہ یہ منصوبہ پانچ سال کے اندر مکمل ہوگا جس کا مقصد صرف تعمیر نو نہیں بلکہ عراق کے نوجوانوں کی امیدوں کو پھر سے لوٹانا ہے، موصل شہر کی مسجد النوری اور اس کے الحدباء مینار کی تعمیر بارہویں صدی میں ہوئی تھی۔

- Advertisement -

مسجد النوری کا نام شام کو یکجا کرنے والے سلطان نور الدین زنگی کے نام سے منسوب ہے، زنگی نے ایک عرصہ موصل پر بھی حکومت کی اور 1172ء میں اس مسجد کی تعمیر کا حکم دیا، یہ مسجد شہید ہوگئی تھی اور 1942ء میں اسے دوبارہ تعمیر کیا گیا۔

جون 2017 میں مسجد کو شہید کردیا گیا جس کا الزام عراقی فوج نے داعش تنظیم پر عائد کیا۔ یہ وہی مسجد ہے جہاں 2014ء میں داعش تنظیم کے سرغنہ ابو بکر البغدادی کا واحد اعلانیہ ظہور ہوا تھا۔

عراق میں یونیسیکو تنظیم کی نمائندہ لوئز یکسٹوزن کا کہنا ہے کہ تعمیر نو کے منصوبے پر کام شروع ہوگیا ہے اور اس کے اطراف باڑھ لگادی گئی ہے تاکہ تاریخی ورثے کو مزید کسی نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے، سب سے پہلے مسجد کو دھماکا خیز مواد سے پاک کرنا ہوگا اور پھر ملبے کو ہٹا کر مسجد اور مینار کی تعمیر شروع ہوگی۔

واضح رہے کہ عراق نے گزشتہ برس داعش کے خلاف نو ماہ تک جاری رہنے والی خونریز لڑائی کے بعد جولائی 2017ء میں موصل شہر کا کنٹرول واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں