کراچی: قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر اور ہاکی لیجنڈ منصور احمد کے انتقال پر سیاسی رہنماؤں اور ساتھی کھلاڑیوں نے زبردست خراج تحسین پیش کیا، ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر سلطان مسجد میں ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اولمپئن کی والدہ نے صحافیوں کو بتایا کہ منصور احمد نے بہت مشکل وقت گزارا لیکن سب نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا، شاہد آفریدی بھی آئے اور ہاکی فیڈریشن نے بھی ساتھ دیا، میں سب کی شکرگزار ہوں۔
گورنرسندھ محمد زبیر نے اولمپئن منصوراحمد کےانتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین گول کیپر تھے، پاکستان کو ورلڈ کپ سمیت کئی میچ جتوائے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا منصور احمد قومی کھیل ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی تھے، ہاکی ورلڈ کپ میں ان کا کردار لوگوں کے ذہنوں میں نقش ہے۔
ہاکی لیجنڈ اولمپیئن منصور احمد انتقال کر گئے
اولمپئن شہباز سینئر نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ منصور احمد کے ساتھ پندرہ سال ہاکی کھیلی، ان کا انتقال ملک کے لیے بڑا نقصان ہے، اگر وہ ورلڈ کپ میں گول نہ روکتے تو ہم چیمپئن نہ ہوتے۔
اولمپئن حسن سردار نے کا کہنا تھا کہ انھیں منصور احمد کے انتقال پر بہت افسوس ہوا، وہ پُراعتماد اور پرجوش کھلاڑی تھے اور کافی عرصے سے بیمار اور تکلیف میں تھے، وہ ایک بڑے کھلاڑی تھے اور ان کی خدمات بڑی ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔