کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف پچھلے پانچ سال میں لوگوں کو نوکریاں نہ دے سکے تو آگے کیا دیں گے، بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر دونوں بھائی جھوٹ بولتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز شریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ غریبوں کو گھر دینے کا وعدہ نواز شریف نے پچھلے الیکشن میں بھی کیا تھا لیکن وہ اپنا یہ وعدہ بھی عوام سے پورا نہ کرسکے۔
نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے پنجاب کا میٹھا پانی آلودہ اور زہریلا کردیا ہے، شریف خاندان کی ترجیح میگا پراجیکٹس ہیں جس میں اربوں ڈالر کی کمیشن ہو۔
الیکشن میں ایک دن تو دُور، ایک گھنٹے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے: نواز شریف
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو انصاف کا بول بالا کرنے سے کس نے روکا تھا؟ نوازشریف نے 80 پیشیاں بھگتیں مگر لندن فلیٹس کا حساب نہ دیا، ان کے پاس کوئی ثبوت موجود نہیں ہے، عام انتخابات میں واضح ہوجائے گا کہ قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے۔
خیال رہے کہ آج سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے چکوال کے علاقے میانی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے خلاف سازش ہوئی، لوگوں کی خدمت کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ نوازشریف آج 80 ویں پیشی بھگت کرآرہا ہے، اس کیا وجہ ہے؟ کیا نوازشریف پر لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مقدمہ ہے یا نوازشریف نے ملک سے دہشت گردی ختم کی، اس پرمقدمہ درج کیا گیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔