پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

مقبوضہ کشمیرمیں محبوبہ مفتی کی حکومت ختم ، گورنر راج نافذ

اشتہار

حیرت انگیز

سری نگر :مقبوضہ کشمیرمیں مودی سرکارنے اپنی ہی کٹھ پتلی حکومت کا خاتمہ کردیا اور وزیراعلی محبوبہ مفتی کی پارٹی سے اتحاد ختم کرکے گورنر راج نافذ کردیا جبکہ پلواما میں مزید تین کشمیری نوجوانوں کوشہید کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام پرخاموش رہنے والی کٹھ پتلی وزیراعلی محبوبہ مفتی بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے کے باوجود اپنا اقتدار نہ بچا سکیں۔

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے استعفیٰ دے دیا۔

وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے مستعفی ہوتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔

مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیرمیں محبوبہ مفتی حکومت ختم کرکے گورنرراج نافذ کردیا اور گورنر نریندر ناتھ وہرا کو وادی میں اختیارات تفویض کردیے گئے ہیں۔

گورنر نریندر ناتھ وہرا چوتھی بار مقبوضہ کشمیر کی حکومت سنبھال رہے ہیں، اس سے قبل وہ 2008، 2015 اور 2016 میں گورنر راج لگائے جانے کے دوران خدمات انجام دے چکے ہیں۔

پلواما میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید

دوسری جانب مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز بدستور کشمیری نوجوانوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہیں، پلوامہ میں مزید تین کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

ترال کے علاقے میں محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کی جان لی گئی جبکہ کارروائی کے دوران ایک گھر کو تباہ کر دیا۔

اس سے پہلے علاقے میں بھارتی فوج کا ایک افسر اور جوان حملے میں زخمی ہوئے تھے، علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے

پلواما اور ترال میں نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج جاری ہے ، مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند کردی گئی اور احتجاج دبانے کے لئے فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں