لندن : برطانیہ کے علاقے رومفورڈ میں چاقو زنی کی ایک اور واردات میں 15 سالہ نوجوان ہلاک جبکہ پولیس قتل کے الزام میں تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پولیس نے تین نوجوانوں کو 15 سالہ لڑکے کو چاقو کے وار سے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا تھا کہ رومفورڈ سینٹر سے ہفتے کی رات کال موصول ہوئی کہ سالگرہ کی تقریب کے دوران نوجوان آپس میں جھڑ گئے ہیں اور ایک نوجوان نے خنجر کے وار کرکے 15 سالہ لڑکے کو قتل کردیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے کے اہلکاروں نے تین نوجوانوں کو قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لیا ہے تاکہ ان سے واقعے سے متعلق سوالات کیے جاسکیں۔
میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں ایک 50 سالہ بس ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے، جس کے سر میں شدید چوٹیں آئی ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی برطانیہ میں چاقو زنی کی واردات میں ایک اور شہری زخمی ہوا تھا، جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ 11 جون کو بھی لندن میں تین مختلف واقعات میں چاقو کے وار سے تین شہری زخمی ہوئے تھے، جس میں ایک شخص کی حالت تشویشناک تھی، پولیس نے ایک شخص کو حراست میں بھی لیا تھا۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں چاقو زنی کی وارداتوں میں رواں سال اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متعدد افراد اپنی جان سےجا چکے ہیں، جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ لندن کو بندوقوں کے حملوں نے نہیں بلکہ چاقو کے حملوں نے وار زون میں تبدیل کردیا ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں 50 سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں