ایبٹ آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سردار مہتاب عباسی نے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی سے ناراضی کے بعد انتخابات 2018 سے دست برداری کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے لیگی رہنما سردار مہتاب عباسی این اے 15 کے لیے ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت سے شدید ناراض ہوگئے تھے۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ ناراض رہنما سابق مشیر ہوابازی اپنے حلقے سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے لیکن انھوں نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
الیکشن سے دست برداری کے اعلان میں ناراض رہنما کے قریبی رشتہ بھی شامل ہیں، عباسی کے بیٹے شمعون یار خان قومی اسمبلی کے حلقے 16 اور کزن و داماد سردار فرید صوبائی اسمبلی کے حلقے 36 سے الیکشن نہیں لڑیں گے۔
ایبٹ آباد کے امیدواروں کی طرف سے ٹکٹ کی واپسی نے ن لیگ کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے، اس سے قبل پی کے 37 سے سردار اورنگزیب ، پی کے 38 سے ارشد اعوان اور پی کے 39 سےعنایت خان نے ٹکٹ واپس کیے تھے۔
نون لیگ میں ایک اور بڑی بغاوت، پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پرسردارمہتاب ناراض
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن الیکشن سے پہلے انتشار کا شکار ہوگئی ہے، چوہدری نثار، زعیم قادری اور چوہدری عبدالغفور کے بعد دیرینہ ساتھی سردار مہتاب نےعلم بغاوت بلند کرکے نون لیگ کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ امیرمقام کے کہنے پر سردار مہتاب کو ٹکٹ نہیں دیا گیا، جس پر وہ پارٹی سے ناراض ہوگئے تھے، ان کی جگہ مرتضیٰ عباسی کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔