اتوار, اپریل 20, 2025
اشتہار

امریکی ڈالر 130روپے کی ریکارڈ سطح سے تجاوز کرگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : کاروبار ہفتے کے اختتام پر امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا اور 130 روپے کی ریکارڈ سطح سے تجاوز کرگیا۔

تفصیلات کے مطابق کرنسی مارکیٹس میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ڈالر کی قیمت بدستور ریکارڈ سطح پر ہے۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر130 روپے کی ریکارڈ سطح سے تجاوز کرگیا جبکہ ڈالر 130 روپے میں خریدا اور 130.50 روپے پر فروخت کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں انٹر بینک میں ایک ڈالر 128 روپے 50 پیسے کا ہوگیا ہے۔

گذشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کو 128.60روپے کی سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔

خیال رہے رواں ہفتے کے آغاز میں ایک دن میں ڈالر6.45روپے مہنگا ہوا تھا، جس کے باعث انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 128 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے نیا بیل آؤٹ پیکج ناگزیر ہونے کا منفی اثر ہے ، اسٹیٹ بینک کے پاس دس ارب ڈالر کے ذخائر بھی نہیں بچے جبکہ ماہرین کے مطابق پاکستان کے پاس دستیاب ڈالر ذخائر دو ماہ کی درآمدات کیلئے بھی ناکافی ہیں۔

یاد رہے کہ دسمبر سےاب تک ڈالر 20 روپے مہنگا ہوچکا ہے ، ڈالر مہنگا ہونے سے ملک پرقرضوں کے بوجھ میں اٹھارہ سو ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

واضح  رہے کہ رمضان المبارک کے آخری ایام سے ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ،  کرنسی ڈیلرزکا ماننا ہے کہ بڑھتے ہوئے تجارتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے سبب روپے کی قدر شدید دباوٴ کا شکار ہے۔

کرنسی ڈیلرز کا یہ بھی کہنا تھا کہ روپے کی قدر گرانے کا فیصلہ نگراں حکومت اور اسٹیٹ بینک کا تھا ، جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمتوں کو پر لگے کیونکہ حکومت نے کرنسی مارکیٹ کو فری کردیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

اہم ترین

مزید خبریں