سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سازش بے نقاب ہونے پر حریت رہنماؤں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام رہا۔
تفصیلات کے مطابق ہڑتال کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے حریت قیادت کو نظر بند کر دیا، تاہم وادی میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال رہی۔
مختلف علاقوں میں احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی فورسز نے فائر کھول دیے، فورسز کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید ہو گیا۔
گزشتہ چار روز میں وادی میں ظالم بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نہتے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے لیے وادی میں نافذ العمل بھارتی آئین کی دفعہ 370 کی شق 35 اے میں ترمیم کرنے کے لیے پر تول رہی ہے، جس کے بعد ہندوؤں کو کشمیر منتقل کرنے کی راہ میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں رہے گی، اور ریاست جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت اقلیت میں بدل جائے گی۔
بھارت کشمیریوں کی اکثریت کواقلیت میں بدلنےکی کوشش کررہا ہے‘ مشعال ملک
وادی میں مسلم اکثریت کے خلاف اس سازش کے بے نقاب ہونے پر حریت قیادت نے زبردست احتجاج کیا، حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سازش کام یاب نہیں ہونے دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر گونگی بہری بنی ہوئی ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنے قراردادوں پر عمل کرائے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔