کراچی: شہرِ قائد کے علاقے سچل تھانے کی حدود میں کائنات زیادتی و قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی، پولیس نے کہا ہے کہ کم سِن بچی سے زیادتی اور قتل کا ملزم اس کا بہنوئی نکلا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بھٹائی آباد میں کم سِن بچی کائنات سے زیادتی اور قتل کی لرزہ خیز واردات کا ملزم اس کا بہنوئی نکلا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔
ایس ایس پی ملیر انویسٹی گیشن عابد قائم خانی نے بتایا ’بچی کے بہنوئی نے اعتراف جرم کر لیا، عارف نامی ملزم بچی سے کئی بار پہلے بھی زیادتی کر چکا ہے۔‘
پولیس کے تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم نے کئی انکشافات کیے، وہ بچی کو ڈرانے کے لیے اس پر تشدد بھی کرتا تھا۔ خیال رہے کہ بچی سے زیادتی اور قتل کیس میں پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق کیس میں گرفتار چاروں ملزمان کائنات کے قریبی رشتے دار ہیں، بچی کے بہنوئی عارف کو چار دن قبل حراست میں لیا گیا تھا، ملزمان کا میڈیکل ٹیسٹ بھی لے لیا گیا ہے۔
کراچی: 6 سالہ بچی ’کائنات‘ زیادتی کے بعد قتل، چوتھا ملزم بھی گرفتار
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ملزم عارف کے خون کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں جب کہ ملزمان کے خلاف مقدے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ چند دن قبل گلستانِ جوہر کے علاقے بھٹائی آباد سے کم سِن بچی کائنات کی لاش بر آمد ہوئی تھی جسے زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا گیا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔