میڈرڈ: اسپین کے ساحل پر میوزک فیسٹیول کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 313 افراد زخمی ہوگئے، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسپین کے ساحل پر میوزک فیسٹیول جاری تھا کہ اس دوران اچانک اسٹیج گر گیا جس کے نتیجے میں 313 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اسپین کے شہر ویگو میں موسیقی کا پروگرام جاری تھا جس میں موجود فنکاروں اور شائقین پر قیامت ٹوٹ پڑی، ساحل پر بنایا گیا اسٹیج کا کچھ حصہ اور اسٹیج تک جانے کے لیے بنایا گیا لکڑی کا پل ٹوٹ گیا جس کے سبب افرا تفری میچ گئی۔
حکام کے مطابق بھگدڑ مچنے سے زیادہ نقصان ہوا ہے، ریسکیو ٹیموں نے سمندر میں گرنے والے افراد کو ریسکیو کرکے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق میوزک فیسٹیول میں بنایا گیا اسٹیج 40 میٹر لمبا تھا جو اچانک نیچے آگر جس کے سبب بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ویگو پورٹ اتھارٹی کے صدر کے مطابق اسٹیج زیادہ افراد کے چڑھنے کی وجہ سے گرا ہے، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، دوسری جانب ویگو کے میئر ایبل کیبلیرو نے بھی واقعے کی تحقیقات کا اعلان کردیا ہے، اسپین کے ساحل پر میوزک فیسٹیول سالانہ منایا جاتا ہے۔