کراچی: پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کی شہری کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، شوکازنوٹس جاری کردیا.
تفصیلات کے مطابق آج سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی کی ویڈیو منظر عام پر آئی، جس میںانھیں ایک شہری پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے.
ویڈیو جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور پی ٹی آئی رہنما کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا.
پی ٹی آئی کراچی کے صدرفردوس شمیم کی جانب سے عمران شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی گئی ہے.
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نےعام شہری کوسڑک پرزدوکوب کیا، آپ کا رویہ ناقابل قبول ہے، 24 گھنٹے میں وضاحت پیش کریں، وضاحت دے کرمطمئن نہ کرسکے، تو ڈسپلن کمیٹی کارروائی کا حق رکھتی ہے.
عمران علی شاہ کی دوسری ویڈیو
شہری کو زدوکوب کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے کچھ دیر بعد عمران علی شاہ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی، جس میں انھوں نے اپنے رویے کی معافی مانگی.
رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ شہری ایک اور گاڑی والےکو مسلسل تنگ کر رہاتھا، میں نےگاڑی روک کرمنع کیا اور نازیبا گفتگو پرہاتھ اٹھایا.