ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

عثمان بزدارکومخلص اورایماندار پایا، وہی وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوارہیں، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر  واضح کیا ہے کہ عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار ہے، دو ہفتے تک اس کے نام پر غور کیا اور اسے ایماندار پایا۔

یہ بات انہوں نے وزیر اعظم بننے کے بعد اپنے پہلے ٹوئٹر پیغام میں کہی، وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جانب سے نامزد ہونے والے وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار عثمان بزدار کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

انہوں نےکہا ہے کہ عثمان بزدار کا تعلق پنجاب کے انتہائی پسماندہ علاقے ڈی جی خان سے ہے، عثمان بزدار مضبوط شخصیت اور نئے پاکستان کے نظریے کو اچھی طرح جانتا ہے۔ اس نام پر دو ہفتےتک غور خوص کیا گیا جس کے بعد ہی وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کیا گیا۔

عثمان بزدار پر مقدمہ سیاسی نوعیت کا تھا، فواد چوہدری کی وضاحت

علاوہ ازیں نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے متعلق پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے بھی وضاحت کی ہے کہ عثمان بزدار کے حوالے سے پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، عثمان بزدار پر نیب کا کوئی مقدمہ نہیں ہے، ان کیخلاف سیاسی بنیاد پر قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کا مقدمہ اس وقت ان کے مخالف امیدوار نے درج کروایا تھا، انتخابات میں سیاسی امیدواروں پر ایسے مقدمات بنائے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کیا تھا جس کے بعد میڈیا میں عثمان بزدار سے متعلق مختلف قسم کی خبریں گردش کرنے لگیں۔

میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار پر 1998میں قتل کی منصوبہ بندی کے مقدمہ کا انکشاف ہوا ہے، ایف آئی آر میں عثمان بزدار، ان کے والد اور بھائی کو نامزد کیا گیا تھا، ڈیرہ غازی خان کی عدالت نے 2000 میں فیصلہ سنایا، جس میں انہوں نے چھ افراد کے قتل کی دیت75لاکھ روپے بھی ادا کی تھی۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر قتل کا مقدمہ سامنے آگیا

اس کے علاوہ گزشتہ رات عثمان بزدار کی وزرات اعلیٰ کی نامزدگی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ہنگامہ کھڑا کر دیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ وہ نیب زدہ ہیں اور ان کی جائیداد اور قتل کے منصوبے کے بارے میں تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں