جکارتہ: انڈونیشیا میں جاری 18ویں ایشین گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ نے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ نرگس نے یہ اعزاز کراٹے کے مقابلوں میں حاصل کیا، انھوں نے یہ تمغہ 68 کلوگرام سے زاید کی کیٹیگری میں جیتا.
یاد رہے کہ یہ رواں ایشین گیمز میں پاکستان کا دوسرا کانسی کا تمغہ ہے، پاکستانی کبڈی ٹیم بھی کانسی کا تمغہ جیت چکی ہے.
نرگس نے نیپال سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی کو 3-1 سے شکست دی، انھیں سیمی فائنل میں چین سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ نے شکست دی تھی.
19 سالہ نرگس گذشتہ برس کولمبو میں ہونے والے ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں بھی طلائی تمغہ جیت چکی ہیں.
اس کیٹیگری میں سونے کا تمغہ جاپان اور چاندی کا تمغہ ایران کے حصے میں آیا.
اس موقع پر نرگس نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں اور مستقبل میں اس کانسی کے تمغے کو سونے کے تمغے میں بدل کر پاکستان کا نام روشن کریں گی.