لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ انھیں علم نہیں کہ عامر لیاقت کیوں ناراض ہیں، انھوں نے انٹرویو میں کیا کہا، یہ بھی علم نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ عامر لیاقت کو مجھ سے متعلق جو کہنا ہے کہیں میں اپنے باپ سے بھی نہیں ڈرتا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق کراچی کا کوئی ایم این اے ناراض نہیں ہے، اگر کوئی ایم این اے ذاتی طور پر ناراض ہے تو دوستوں کو منائیں گے۔
تحریکِ انصاف کے رہنما نے وزیرِ اعظم کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کے معاملے پر کہا ’6 سے 8 گاڑیوں میں جائیں اور روڈ بلاک کریں تو بھی ان کو راس نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے وزیرِ اعظم ہیں ان کی عزت ہم سب کا فرض ہے، ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے سے مسائل جلد حل ہوں گے، انھوں نے وزیرِ اعظم ہاؤس اور دیگر سہولتیں بھی چھوڑ دیں ہیں۔
عامر لیاقت کا بطور رکن اسمبلی اپنی پہلی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان
فیصل واوڈا نے پاک فوج کی حالیہ مہم ’ہمیں پاکستان سے پیار ہے‘ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ’دہشت گردی کے خلاف فوج فرنٹ لائن پر کردار ادا کر رہی ہے، سرحد پر فوجی جوان ہماری نیند کی خاطر اپنی قربانیاں دے رہے ہیں، شہدا کے لیے زبانی خرچ کےعلاوہ بھی ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔‘
واضح رہے کہ عامر لیاقت کی ناراضی کی خبریں گردش کر رہی ہیں، کہا جارہا ہے کہ عامر لیاقت کو سوشل میڈیا پر نظر انداز کیا گیا، آج انھوں نے گورنرسندھ کے عشائیے میں بھی شرکت نہیں کی۔