کراچی : وزیراعظم ہاؤس سے بنی گالا ہیلی کاپٹر پر جانے کا معاملہ پر ایوی ایشن انڈسٹری ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹھ ناٹیکل مائیل ہیلی کاپٹر کے استعمال کرنے پر سو لیٹر ایوی ایشن فیول استعمال ہوتا ہے۔
ایوی ایشن فیول 90سے سو روپے فی لیٹر حکومتی اداروں کو فراہم کیا جاتا ہے، وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے۔
گوگل نقشے کے مطابق بنی گالا سے پاک سیکرٹیریٹ کا فاصلہ 15 کلومیٹر بنتا ہے، ہوا بازی کی زبان میں یہ فاصلہ 8 ناٹیکل مائل بنتا ہے، آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی کا ہیلی کاپٹر اے ڈبلیو139وزیراعظم کے زیر استعمال ہے۔
ایوی ایشن ماہر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر حکومتِ پاکستان کی ملکیت ہیں، وزیر اعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر کا فی ناٹیکل میل خرچ 13ڈالر یعنی1600روپے بنتا ہے، پاکستانی روپوں میں مجموعی خرچہ دس ہزار سے12 ہزار روپے تک بنتا ہے۔
ایوی ایشن انڈسٹری ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ہوائی سفر فی کلو میٹر نہیں، فی گھنٹہ کے حساب سے چارج کیا جاتا ہے، لاگت میں کرایہ ،کریو، مینٹیننس اور تیل کا خرچ شامل ہوتا ہے۔ ماہرین تو کہتے ہیں کہ سب سے سستا سفر سڑک پھر ریل اور پھر پانی کے جہاز کا سفر ہوتا ہے، پوری دنیا میں ہوائی سفر سے سب مہنگا ہوتا ہے۔
کراچی میں ایک نجی کمپنی چارٹرڈ طیارے اور ہیلی سروس بھی فراہم کرتی ہے، نجی کمپنی کے مطابق کراچی سے حیدرآباد اور واپسی کراچی کا کرایہ ہیلی کاپٹر سروس کا چار ہزار ڈالر وصول کیا جاتا ہے، جو پاکستانی روپے میں پانچ لاکھ روپے بننتے ہیں۔
نجی کمپنی نے کراچی کا پچیس منٹ ٹوور کی بھی سروس چلائی تھی۔ جو فی مسافر25 ہزار روپے تھی اور ہیلی کاپٹر میں چار مسافر سے ایک لاکھ روپے وصول کیا جاتا تھا۔