لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں پیش آیا افسوس ناک واقعہ جہاں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر فائرنگ کے نتیجے میں شوہر جاں بحق اور بیوی زخمی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے بندور ڈسگیاں پل کے قریب پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر فائرنگ کردی گئی جس کے باعث شوہر زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ بیوی زخمی ہوگئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، لڑکی کے گھر والے مبینہ طور پر فائرنگ میں ملوث ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی بیوی کو میو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، لڑکے کو 9 جبکہ لڑکی کو 4 گولیاں لگیں۔
عمرکوٹ: پسند کی شادی کرنے پرنوبیاہتا جوڑے کا قتل
پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ جسم کے مختلف حصوں میں نو گولیاں لگنے کے باعث شوہر ہلاک ہوا، زخمی بیوی کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جاری ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال مئی میں عمرکوٹ کے شہر پتھورو میں نوبیاہتا جوڑے کو مبینہ طور پر خاتون کے بھائی نے پسند کی شادی کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں سال 29 جنوری کو ایبٹ آباد میڈیکل کالج کی تھرڈ ایئرکی طالبہ عاصمہ رانی کو شادی سے انکار کرنے پر مجاہد آفریدی نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔