اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔
سماعت میں گواہ سعید احمد احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل صفائی قاضی مصباح نے دوسرے گواہ اشتیاق احمد پر جرح مکمل کرلی۔ گواہ اشتیاق احمد کو گزشتہ سماعت پر مزید دستاویزات کے ساتھ آج طلب کیا گیا تھا۔
احتساب عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سماعت میں استغاثہ کے دوسرے گواہ بشارت محمود کا بیان بھی قلمبند کیا گیا تھا۔
بشارت محمود نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یکم نومبر2017 کو نیب لاہور سے کال آف نوٹس ملا تھا، نیب میں 2004 سے کلرک کی خدمات سر انجام دے رہا ہوں۔
اس سے قبل سماعت میں استغاثہ کے 4 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے۔ آخری سماعت میں عدالت میں شریک ملزمان سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی بھی پیش ہوئے تھے۔