ممبئی: ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی عدم شمولیت پر براڈ کاسٹر ناراض ہوگئے، براڈ کاسٹرز نے بی سی سی آئی کو کھری کھری سنادیں۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے، ویرات کوہلی کو آرام دینے پر براڈ کاسٹرز نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
براڈ کاسٹرز کا موقف ہے کہ بی سی سی آئی نشریاتی حقوق کی پاسداری کرے، براڈ کاسٹرز نے ایشین کرکٹ کونسل کے ذریعے بی سی سی آئی کو ای میلز میں تحفظات سے آگاہ کردیا۔
براڈ کاسٹرز کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے انعقاد سے چند روز پہلے اس اقدام سے انہیں نقصان پہنچا ہے جبکہ بی سی سی آئی نے جواب دیا ہے کہ سلیکشن کے طریقے کار پر وہ کسی کو اثر انداز نہیں ہونے دیں گے۔
سوشل میڈیا پر بی سی سی آئی پر کڑی تنقید کی جارہی ہے، فینز کا کہنا ہے کہ تمیم اقبال ٹوٹے ہاتھ سے کھیل سکتے ہیں تو پھر ویرات کوہلی کو کھیلنے میں کیا مسئلہ تھا۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی ایشیا کپ نہیں کھیلیں گے، یہ خبر سب سے پہلے اے آر وائی نیوز نے بریک کی تھی جس پر بھارتی میڈیا میں کھلبلی مچ گئی تھی۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کوہلی نے 593 رنز بنائے تھے لیکن ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی سیریز کے لیے وہ آرام کررہے ہیں اور اس وقت بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ان کی عدم موجودگی میں روہت شرما بھارتی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔