ریاض: وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير تونائی خالد الفالح کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک میں تجارتی رابطے مزید بہتر کرنے پر غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزير تونائی خالد الفالح، صدر سعودی انویسٹمنٹ فنڈ اور ایڈوائزر سعودی کابینہ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک میں تجارتی رابطے مزید بہتر کرنے پر غور کیا گیا جبکہ دو طرفہ تعلقات اور معاشی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے دورہ پر ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جبکہ سعودی فرمانروا وزیر اعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
سعودی عرب پہنچنے کے بعد مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر گورنر شہزادہ فیصل بن لمنان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا تھا۔ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری اور مشیر عبد الرزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
مقدس سرزمین پر پہنچنے کے بعد عمران خان نے روضہ رسول پر بھی حاضری دی جبکہ بیت اللہ بھی گئے جہاں خانہ کعبہ کا دروازہ ان کے لیے خصوصی طور پر کھولا گیا۔