کراچی: پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن انچیف سردار رمیش سنگھ نے کہا ہے کہ کرتارپور نارووال بارڈر کھولنے کے فیصلے پر پاکستانی سکھ برادری بھی مسرور ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رمیش سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے کرتارپور بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اب بھارت میں بڑا دل کرتے ہوئے بارڈر کھولیں۔
سردار رمیش سنگھ نے بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتارپور بارڈر کھولنے کے فیصلے پر حکومت پاکستان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن انچیف کا کہنا تھا کہ بھارت کو بھی چاہئے کہ بارڈر کھولنے کا اعلان کرے اس سے دونوں ممالک کی معیشت بہتر ہوگی۔
سردار رمیش سنگھ کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملیں تاکہ پاکستانیوں اور سکھ برادری کو مزید قریب لانے کے اقدامات کیے جاسکیں۔
مزید پڑھیں: کرتارپورصاحب کا راستہ کھولنے کا معاملہ پاکستان سے اٹھانے پرسشما سوراج سدھو پر برس پڑیں
واضح رہے کہ کرتار پور کا بارڈر کھولنے کے اعلان کے بعد سکھ برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی، نارووال کی تحصیل شکرگڑھ میں موجود دربار کرتارپور کے گیانی گوبند سنگھ کا کہنا ہے وزیراطلاعات کے بیان سے پوری دنیا کے سکھ خوش ہوئے ہیں، دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج بھی سابق اسٹارکرکٹراور رکن اسمبلی نوجوت سدھو پر برس پڑیں، کرتارپور صاحب کا راستہ کھولنے کا معاملہ پاکستان سے اٹھانے پر سشما سوراج نے سدھو کی خوب سرزنش کی تھی۔