کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے جلوس اور مجالس کے پرامن انعقاد پر شہری انتظامیہ، منتظمین اور شرکار کو خراج تحسین پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا، گورنر سندھ اور شہریار آفریدی نے پرامن جلوس کے انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد پیش کی۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون سے جلوسوں اور مجالس کا پر امن انعقاد ممکن ہوا، باہمی تعاون سے ہی ملک میں دائمی امن کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب وزیر مملک برائے داخلہ شہریار آفریدی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ کا شکر آج یوم عاشور خیروعافیت سے گزرا۔
ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جوانوں نے انتھک محنت سے ثابت کیا پاکستان امن کا گہوارہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ظالم کے آگے سر نہ جھکانے کا ہے، آج پاکستانی قوم کو بدعنوانی اور بربریت کے خلاف ایک ہونا ہے، ہمیں ایسی قوم بننا ہے کہ آنے والی نسلیں پاکستان پر فخر کریں۔
شہریار آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ہر مسلک اور مذاہب کے لوگوں کا تحفظ ریاستی ذمہ داری ہے۔