راولپنڈی : پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گنج منڈی میں چھاپہ مار کر زائد المیعاد بوتلوں کی تاریخ تبدیل کرنے والا گودام، ناقص ناریل تیار کرنے والایونٹ اور دو ریسٹورنٹ سیل کردیے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبے میں ناقص اشیاء کی تیاری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن عثمان کی سربراہی میں راولپنڈی کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی گئیں۔
پی ایف اے کی ٹیم نے راولپنڈی کے علاقے گنج منڈی میں زائد المیعاد (ایکسپائر) بوتلوں کی تاریخ تبدیل کرنے والا گودام سیل کردیا، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن عثمان نے گودام سے مختلف برانڈز کی تین ہزارسے زائد بوتلیں برآمد کرکے مالک کیخلاف مقدے کا حکم جاری کردیا۔
اس کے علاوہ ناقص ناریل تیارکرنے والا یونٹ اور دو ریسٹورنٹ بھی سیل کردیے گئے، گنج منڈی میں ناریل پراسسنگ یونٹ سیل کرکے چار ہزار سے زائد ناریل برآمد کرلیے گئے۔
مذکورہ یونٹ میں گندے پانی، کیمیکل اور تیزاب سے ناریل دھوئے جاتےتھے، چمک پیدا کرنے کیلئے تیزاب سے دھلے ہوئے ناریل بیماریوں کا باعث بنتے ہیں، ڈی جی کیپٹن عثمان کے مطابق راجن پور سے اٹک تک پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں۔