کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن حدید میں ڈیزل سے بھرے 2 ٹینکر اور وین میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نمائندہ اے آر وائی سلمان لودھی کے مطابق نیشنل ہائی وے پر واقع گلشن حدید کے علاقے میں ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں دو ڈیزل سے بھرے ٹینکرز اور مسافر وین میں ٹکر ہوئی۔
حادثے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو اسپتال منتقل ہونے سے قبل ہی چل بسے، ٹینکر الٹنے کے باعث سڑک پر ڈیزل پھیل گیا۔
کسی بھی ممکنہ حادثے کے پیش نظر پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ کو تحویل میں لے کر نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی آمد ورفت روک دی اور عوام کو مقام سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی۔
یاد رہے کہ دو برس قبل جون میں بہاولپور کے علاقے احمد پورشرقیہ کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا تھا، جس کے بعد سیکڑوں افراد پیٹرول اکھٹا کرنے میں مصروف تھے کہ اچانک زوردار دھاکا ہوگیا تھا۔ آئل ٹینکر حادثے میں 214 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
بعدازاں ستمبر کے مہنیے میںپنجاب کے شہر مظفرگڑھ کی تحصیل کوٹ ادو میں آئل ٹینکر میں ویلڈنگ کے دوران دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔