جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

پی پی 217، شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والا نوجوان نااہل قرار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی 217 ملتان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو صوبائی نشست پر ہرانے والے کامیاب امیدوار محمد سلمان کو نااہل قرار دے دیا اور حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی 217 ملتان پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے محمد سلمان کو نااہل قرار دے دیا اور ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق محمد سلمان کی عمر 25 سال سے کم ہے جبکہ قانون کے مطابق 25 سال سے کم عمر افراد الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں، اس لیے محمد سلمان اپنی نشست برقرار نہیں رکھ سکتے۔

عام انتخابات 2018 میں محمد سلمان نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا اور پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ پنجاب کے مضبوط ترین امیدوار شاہ محمود قریشی کو 3 ہزار 578 ووٹوں سے شکست دی تھی۔

محمد سلمان نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا اور شاہ محمود قریشی کے وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی راہ میں حائل ہوگئے۔

بعد ازاں الیکشن جیتنے کے بعد محمد سلمان نے پی ٹی آئی میں ہی شمولیت اختیار کرلی تھی۔

محمد سلمان کی نااہلی کیلئے پی ٹی آئی رہنما نے الیکشن کمیشن سے رجوع کر رکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ محمد سلمان دو نام استعمال کرتے ہیں اور ان کے دو شناختی کارڈز بھی ہیں، ان کے پہلے شناختی کارڈ میں ان کا نام سلمان نعیم اور تاریخ پیدائش 28 جنوری 1994ہے جبکہ نئے شناختی کارڈ میں ان کا نام محمد سلمان ہے اور تاریخ پیدائش 1 فروری 1993ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں