جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

امریکی حکام کو باور کرا دیا کہ پاکستان کے بغیر افغان امن عمل میں پیشرفت ممکن نہیں: وزیرخارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا سے تعلقات میں پیشرفت ہوئی، امریکی حکام کو باور کرا دیا کہ پاکستان کے بغیر افغان امن عمل میں پیشرفت ممکن نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے بارے میں امریکا کا مسلسل مطالبہ رہا ہے، شکیل آفریدی کا زکر آتا ہے تو پھر ڈاکٹر عافیہ کا بھی ذکر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو ہمارے قوانین کا احترام کرنا ہوگا، الزام تراشی مسائل کا حل نہیں ہے، گزشتہ حکومت کی امریکی اعلیٰ قیادت تک رسائی نہ تھی، ہمیں آگے بڑھنا ہے اور غلط فہمیوں کو دور کرنا ہوگا۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ امریکا سے پرامید ہو کر پاکستان جارہا ہوں، نیویارک اور واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں ہوئیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان اعتماد کی بحالی ضروری ہے، نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتیں متفق ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے پاکستان کی قربانیوں کو سراہاجانا چاہیئے، امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کو متحریک کرنے کی ضرورت ہے، یہاں پاکستانی کمیونٹی بہت جاندار ہے، پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں تنقید کے بجائے مثبت پہلوؤں پر نظر رکھنی چاہیئے، کافی عرصے سے پاکستان پر تنقید کی جارہی تھی، آئی ایم ایف سے میری کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، ورلڈ بینک کے صدر سے ملاقات ہوئی تھی، پانی کا مسئلہ اہم ہے جو الجھتا چلا جارہا ہے، پانی کے مسئلے پر ورلڈ بینک کو پاکستانی تحفظات سے آگاہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2010 میں وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں کوئی ایک پیسہ دینے کو تیار نہیں تھا، آج ڈیم فنڈ میں اورسیز پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں