جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

کراچی: کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق، ریسٹورنٹ سیل. 4 افراد زیر حراست

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں مضر صحت کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے، پولیس نے فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں طلب کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں 2 بچے مضر صحت کھانا کھانے سے جاں ببحق ہوگئے، بچوں کی والدہ کو بھی تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں طلب کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

پولیس کے مطابق جاں بحق کی شناخت ڈیڑھ سالہ احمد اور 5 سالہ محمد کے نام سے ہوئی ہے، ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کے مطابق متاثرین نے گزشتہ رات زمزمہ پر ریسٹورنٹ میں کھانا کھایا تھا۔

پولیس کے مطابق کھانے کے بعد متاثرین سی ویو پر پلے لینڈ گئے جہاں ٹافیاں بھی کھائیں، ایس ایس پی کے مطابق متاثرین جس ریسٹورنٹ، پلے لینڈ گئے انہیں سیل کردیا گیا ہے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

آئی جی سندھ کلیم امام نے مضر صحت کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس

وزیراعلیٰ سندھ نے مضر صحت کھانا کھانے سے دو بچوں کی موت کے واقعے کا نوٹس لے لیا، مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بچوں کے والدین بھی متاثر ہیں ان کی جان بچائی جائیں، ریسٹورنٹ کی آخری انسپیکشن کب ہوئی تھی رپورٹ دی جائے، انسپیکشن اور فوڈ چیکنگ کا پورا میکنزم بتایا جائے، کن سرکاری اداروں کی غفلت ہے اس کی بھی نشاندہی کی جائے۔

ریسٹورنٹ سیل، کھانے کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے بھجوادئیے گئے

ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی ابرار شیخ نے کہا ہے کہ ریسٹورنٹ میں بچا ہوا کھانا فریزر میں رکھا ہوا تھا، ریسٹورنٹ کا کچن بدبو دار نکلا، سندھ فوڈ اتھارٹی نے 2 لیبارٹریز سے ٹیسٹنگ کنٹریکٹ کیا ہوا ہے۔

ابرار شیخ کے مطابق ریسٹورنٹ کو سیل کردیا گیا ہے اور کھانے کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے بھجوائے جارہے ہیں۔

ریسٹورنٹ سے 4 افراد زیر حراست

پولیس نے زم زمہ ریسٹورنٹ سے چار افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس حکام کے مطابق چاروں افراد کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس چیف ڈاکٹر امیر علی شیخ کے مطابق بچوں کی والدہ سے ملاقات ہوئی، واقعہ افسوس ناک ہے، والدہ نے بتایا رات دو بجے گھر آئے تھے۔

امیر علی شیخ نے کہا کہ والدین کی اجازت سے بچوں کا پوسٹ مارٹم کرائیں گے، سندھ فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کو ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے کلفٹن کے ریسٹورنٹ سے 12 نمونے حاصل کیے، ریسٹورنٹ سیل کردیا گیا کچھ دن پہلے نوٹس بھی دیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندان ڈیفنس کے ایک پارک بھی گیا تھا، پارک کی دکانوں سے ٹوفیوں کے نمونے بھی جمع کیے ہیں، پارک بند ہونے تک کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کو پیش رفت دینے کی ہدایت دی، مراد علی شاہ نے تمام ریسٹورنٹس چیک کرنے کا کام شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں