اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

خواجہ سعد رفیق کی عبوری ضمانت میں 26 نومبر تک توسیع

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبہ پنجاب کی لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت میں 26 نومبر تک 10 روز کی توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق پیراگون ہاؤسنگ کرپشن اسکینڈل کے سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ خواجہ برادران نے عبوری ضمانت میں مزید توسیع کی درخواست دی۔

خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے دونوں کی 24 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا، بعد ازاں اس ضمانت میں 14 نومبر، اور آج ایک بار پھر 24 نومبر تک توسیع کردی گئی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر تفتیش پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے پیراگون سوسائٹی کے اہم گواہ کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گواہ نے دستاویزی شواہد کے ساتھ تفتیشی افسر کو اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا، بیان ریکارڈ کروانے والے شخص کا تعلق گلبرگ لاہور سے ہے جبکہ گواہ بیرون ملک مقیم بھی رہا۔

ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے بیان ریکارڈ کروانے والے کو 7 نومبر کو خط لکھ کر طلب کیا تھا۔

یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

بعد ازاں خواجہ برادران سے قومی احتساب بیورو (نیب) کے افسران نے ایک گھنٹہ تک پوچھ گچھ کی تھی۔ نیب کی 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے الگ الگ تحقیقات کی جس دوران وہ افسران کو مطمئن نہیں کرسکے تھے۔

خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں