ابو ظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست ہوگئی۔ قومی ٹیم آسان ہدف کے تعاقب میں 171 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستانی بولرز نے آسان ہدف کو مشکل ترین بنا لیا۔ چوتھے روز پاکستان کی ایک کے بعد ایک وکٹ تیزی سے گرتی چلی گئی۔ پہلی وکٹ 40، دوسری 44، تیسری 48 اور چوتھی وکٹ 130 رنز پر گری۔
پانچویں وکٹ 147 پر گری، بابر اعظم 13 رنز بنا کر رن آٹ ہوئے، چھٹی اور ساتویں وکٹ 154رنز پر گری، سرفراز احمد نے 3 رنز بنائے جبکہ بلال آصف صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اگلی وکٹ بھی 155 رنز پر گری، یاسر شاہ بھی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ نویں وکٹ 164 رنز پر حسن علی کی گری۔
گزشتہ روز تیسرے روز کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 37 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 249 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور سرفراز الیون کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا تھا۔ بی جے واٹلنگ 59 اور ہنری نکولز نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔
دوسری اننگز میں قومی بولرز نے شاندار بولنگ کی تھی اور نیوزی لینڈ کی 6 وکٹیں حاصل کیں۔ گرینڈ ہوم 3 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے، سودھی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ویگنر اور ٹرینٹ بولٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی اور یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5، 5 وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف اپنی دوسری اننگز کا آغاز 56 رنز پر ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا۔
کپتان کین ولیمسن اور جیت راول نے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا تاہم 86 رنز کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن 37 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 153 رنز پر آؤٹ کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز ہی بنا سکی تھی۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کا 153 رنز کا اسکور ابو ظہبی میں اب تک کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں کسی بھی ٹیم کا پہلی اننگز میں سب سے کم اسکور تھا، اس سے قبل یہ ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا جو پاکستان ہی کے خلاف 197 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔