اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان دورہ ملائیشیا مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے، ڈاکٹرمہاتیرمحمد نے وزیراعظم کوایئرپورٹ پر الودع کہا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کا دو روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے، وزیر اعظم کو ملائشین ہم منصب مہاتیر محمد نے رخصت کیا اور انہیں واپسی پر بھی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
یاد رہے دوزیر اعظم پاکستان کا دارالحکومت کوالالمپور پہنچنے پر بھی ملائشین ہم منصب نے پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مہاتیر محمد اور انہیں کرپشن کے خلاف ووٹ ملے۔
وزیراعظم عمران خان نے ملائشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا، ملائشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
مزید پڑھیں : جو سب سے زیادہ شور مچا رہا ہے اسے معلوم ہے کچھ دن میں جیل جائے گا، وزیر اعظم
دورہ ملائیشیا کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دفاع، تعلیم، سیاحت، کرپشن کے خاتمہ اوردیگرامورمیں تعاون پراتفاق کیا، ملائیشیا نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاکستان کی کامیاب کوششوں کوسراہا۔
پاک ملائیشیا وزرائےاعظم کی روابط بڑھانےکی ضرورت پرزور دیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کےجزوی خاتمہ کا معاہدہ بھی ہوا، ویزوں کے جزوی خاتمے کے معاہدے سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی جبکہ آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان، ملائیشیا پہلی مشترکہ مشاورت کے انعقاد پر بھی اتفاق ہوا۔
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے مہاتیر محمد کو آگاہ کیا گیا اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے او آئی سی کا کردار بھی زیر غور آئے۔