اسلام آباد : وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے گی جبکہ گیس کی کمی آرایل این جی سے پوری کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے گیس صارفین کو خوشخبری سنادی، حکومت کی جانب سے ایک اور عوام دوست قدم اٹھاتے ہوئے سردیوں کے موسم میں گیس لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس لوڈ منیجمنٹ پلان کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے گی۔ گیس کی کمی کو آرایل این جی کے ذریعے پورا کیا جائے گا، اس کے علاوہ اجلاس میں نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کیلیےحکومتی گارنٹی کی اصولی منظوری بھی دی گئی، علاوہ ازیں پاور سیکٹر کے لیے اسلامک فناسنگ کی سہولت دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت نے گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے نو نومبر کو موسم سرما کے تین ماہ کے لیے گھریلو صارفین کیلئے گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کیا تھا، شیڈول میں صبح و شام کے اوقات میں گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق درآمدی صنعتوں کو 3 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائے گی جبکہ دیگر صنعتوں کو سردیوں میں گیس کی فراہمی بند رہے گی، مذکورہ گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کا نفاذ تین ماہ یعنی دسمبر سے مارچ تک کے لیے ہوگا۔