اسلام آباد: عالمی ماہرین نے دیامیر بھاشا ڈیم سائٹ کلیئر قرار دے دی، دیامیر بھاشا ڈیم پر کام کا آغاز آئندہ سال سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئی ہے عالمی ماہرین نے دیامیر بھاشا ڈیم کی سائٹ تعمیر کے لیے کلیئر قرار دے دی ہے، چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیم کی تعمیر کا آغاز آئندہ سال جون سے ہوگا۔
چییئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کہ ڈیم کی تعمیر کے لیے سالانہ تین کروڑ ڈالر درکار ہیں۔
مہمند ڈیم 49 سال پہلے منظور ہوا تھا لیکن اس پر کام شروع نہ ہوسکا، منصوبے سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی اور 12 لاکھ ایکڑ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ صوبوں کو واٹر مینجمنٹ پر توجہ دینا ہوگی، پانی کے مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو مسائل مزید گھمبیر ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔
مزید پڑھیں: ڈیم فنڈز میں 8 ارب اکتالیس کروڑ روپے سے زائد رقم جمع
سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ کے مطابق اب تک ڈیم فنڈز میں (آٹھ ارب اکتالیس کروڑ چوبیس لاکھ سات ہزار چھ سو بیاسی روپے) جمع ہوئے۔
پاکستانیوں نے ڈیبٹ / کریڈٹ کارڈ اور موبائل میسج کے ذریعے بھی ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروائے جبکہ مختلف بینکوں میں کھولے جانے والے ڈیمز فنڈ میں رقم جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ 6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔