کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار انور مجید کے گھر پر جوائنٹ انویستی گیشن نے چھاپہ مارا ہے، جے آئی ٹی ارکان نے گھر سے کاغذات، لیپ ٹاپ تحویل میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے انور مجید کے گھر پر چھاپہ مارا ہے، جے آئی ٹی ٹیم انور مجید کے گھر پر موجود تھی، جے آئی ٹی ارکان نے گھر کے مختلف کمروں کی تلاشی لی، گھر پر موجود عملے سے بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی ارکان نے گھر سے انور مجید کے زیر استعمال لیپ ٹاپ اور کاغذات تحویل میں لے لیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز نذیر شاہ کے مطابق اس سے قبل انور مجید کے اومنی گروپ پر ہاکی اسٹیڈیم کے قریب گزشتہ ماہ چھاپہ مارا گیا تھا، انور مجید کے گھر کلفٹن کے علاقے دو تلوار پر واقع ہے، گھر سے کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے اور پوچھ گچھ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی ٹیم کے گھر کے اندر موجود ہونے کی وجہ سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔
عدالت میں منی لانڈرنگ میں آج انور مجید کو پیش کیا جانا تھا تاہم وکلاء کی جانب سے ان کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ طبیعت کی خرابی سبب کے پیش نہیں کرسکتے۔
عدالت نے رپورٹ دیکھی اور اس میں غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ درخواست جیل سپرنٹنڈنٹ کے نام لکھی گئی ہے اسے جیل سپرنٹنڈنٹ کو فراہم کیا جائے اور درستگی کے بعد عدالت میں جمع کرائی جائے۔
واضح رہے کہ آج منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری بھی پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت میں انور مجید کے بیٹوں سے ملاقات کی، آصف زرداری نے نمر مجید کو اپنے برابر میں بٹھا کر ملاقات کی۔