جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

ہم نے پہلے سو دنوں میں سوات سے دہشت گردوں کا صفایا کیا، آصف علی زرداری

اشتہار

حیرت انگیز

حیدر آباد : سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اپنے پہلے سو دنوں میں مشرف کی چھٹی اور سوات سے دہشت گردوں کا صفایا کیا تھا۔

یہ بات انہوں نے حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، آصف زرداری نے کہا کہ کراچی میں لوگوں کاروزگار ختم کرنے والوں کی عقل کہاں ہے، تجاوزات کے خلاف آپریشن سے پہلے وہ لوگوں کو متبادل جگہ دیتے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ جب کوئی غریب  آدمی کے حق پر ڈاکہ  ڈالتا ہے تو مجھے بہت غصہ آتا ہے، یہ لوگ کوشش کررہے ہیں کہ بی بی کارڈ ختم ہوجائے لیکن ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنے نہیں دیں گے، کراچی میں 5 لاکھ لوگوں سے روزگار چھینا گیا۔

- Advertisement -

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پہلے سو دنوں کی حکومت میں مشرف کی چھٹی کی تھی، سوات سے صوفی محمد کا قبضہ چھڑایا اور دہشت گردوں کا صفایا کیا، پرویز مشرف کی موت نہیں بلکہ زندگی چاہتا ہوں، جس کی جو آئینی ذمہ داری ہے اسے وہ نبھائے، آئینی حدود میں رہنا ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں میں9لاکھ مقدمات زیر سماعت ہیں، اتنے زیادہ مقدمات تاخیر کا شکارہیں، اس پرتوجہ دی جائے، جس کا جو آئینی دائرہ اختیار ہے اس کے اندر رہ کر کام کرنا چاہئے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بھٹو صاحب نے جوہری طاقت دی، شہید بینظیر بھٹو نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی، پاکستان میں تمام صنعتیں زراعت پرانحصارکرتی ہیں، آپ ہمیں حکومت دیں ہم آپ کو پاکستان کے اندر سے صنعتیں لگا کردیں گے، پختونوں کو ہم نے شناخت دی، مقامی سرمایہ کاروں کو موقع ملنا چاہئے، باہر والے ایک ڈالر لگاتے اور دس ڈالر لے جاتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں