منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے: صدر مملکت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو بیدار اور متحد کیا۔ انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول قومی المیہ ہونے کے ساتھ تجدید عہد کا بھی دن ہے۔ معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو بیدار اور متحد کیا۔

صدر عارف علوی نے شہدائے آرمی پبلک اسکول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہدا اور ان کے لواحقین کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف کامیاب لڑائی پر سیکیورٹی فورسز کی معترف ہے، انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں