جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

آشیانہ اسکینڈل: شہبازشریف اورفواد حسن فواد کے خلاف ریفرنس منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل سےمتعلق سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران اپوزیشن لیڈرشہباز شریف اور فواد حسن فواد کے خلاف ریفرنس کی منظوری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آج ہونے والی سماعت میں جسٹس عظمت سعید نے نیب کے وکیل سے ریفرنس فائل ہونے کے بارے میں استسفار کیا جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ چیئر مین نے دستخط کردیے ہیں جلد ریفرنس دائر کردیا جائے گا۔

عدالت میں سماعت کے دوران وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ  بلال قدوائی،امتیاز حیدر کےخلاف ریفرنس فائل ہوچکاہے،منیرضیااورعلی سجادکے خلاف بھی ریفرنس فائل ہو چکا ہے ،بلال قدوائی اور امتیاز حیدر نیب ریمانڈ مکمل کر چکے ہیں  اور نیب کو تخقیقات کے دوران میرے ملزمان سے کچھ نہیں ملا ۔

ملزمان کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں صرف وکلاء  باہر ہیں باقی سب جیل میں ہیں۔

جسٹس عظمت سعید نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ’ہم نہیں چاہتے کہ انصاف کا قتل ہو ، ایسےکسی شخص کوجیل میں نہیں ہونا چاہتےجس کا جانا نہیں بنتا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنس دائر ہونے دیں، ریفرنس دائر ہونے کے بعد تمام کیس ساتھ سنیں گے۔ عدالت  نے کیس موسم سرماکی چھٹیوں کےبعد مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کےتفتیشی افسر کو طلب کرلیا۔

یاد رہے  اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام طویل عرصے  لیا جارہا ہے ۔ احتساب عدالت نے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار شہباز شریف کو 13 دسمبر تک جیل بھجوادیا تھا اور نیب کی مزید جسمانی ریمانڈکی استدعا مستردکردی تھی ۔

 ،آشیانہ اقبال اسکینڈل کیس میں گرفتار احد چیمہ اور فواد حسن فواد نے تمام ملبہ شہباز شریف پر ڈال  کروعدہ معاف گواہ بن گئے انہوں نے کہا کہ جو کچھ کیا شہباز شریف کے کہنے پر کیا۔

واضح رہے نیب لاہور نے5 اکتوبر کو شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا تاہم ان کی پیشی پر انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اگلے روز شہبازشریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا گیا تھا۔

جس کے بعد 16 اکتوبر کو ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا تو احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ میں 30 اکتوبرتک توسیع کردی تھی۔

ریمانڈ ختم ہونے پر شہبازشریف کو 29 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا تو (نیب) نے آشیانہ اسکینڈل کیس کے ملزم اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مزید 15 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی ، جس پر عدالت نے ان کے ریمانڈ میں مزید توسیع کردی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں