اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کا اجلاس ہوا جس میں فصل سے متعلق اہم منصوبے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سید مظفر حسین شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں پاسکو کی جانب سے عمر کوٹ سندھ میں گودام کی تعمیر کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت ، پانی کی کمی کے باعث پنجاب اور سندھ میں گندم کی فصل کی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔
دوران اجلاس کپاس کی پیداوار، پاکستان ایگزی کلچر ریسرچ کونسل کی مختلف فصلوں کی بیجوں کی اقسام اور پر ہونے والی تحقیق کے علاوہ دیگر اہم معاملات بھی زیر غور آئے۔
پاسکو کی جانب سے سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں گوداموں کی تعمیر سے متعلق ایک اہم مسئلے کے بارے میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ عمر کوٹ کی ضلعی انتظامیہ نے 4 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی تھی جو کہ اس وقت مقامی طور پر بااثر افراد کے غیر قانونی قبضے میں ہے۔
کمیٹی کو تمام پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وقت اس منصوبے کی سمری وزیراعلیٰ کو بجھوائی گئی ہے، کمیٹی نے اس تمام صورتحال پر تشویش اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ اگلے اجلاس میں تمام دستاویزات ساتھ لائی جائیں۔
کمیٹی نے اپنے بھر پور تعاون کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اس مسئلے کا حل چاہتی ہے، کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ فصلوں کی پیداوار اور بہتر نتائج کے حصول کے لیے زونگ پر فوکس کیا جائے۔